نئی دہلی، 6؍ فروری(ایس اونیوزآئی این ایس انڈیا )حاجی اشراق احمد خاں (ایم ایل اے، سیلم پور) کے ذریعہ حلقہ سیلم پور علاقے کی گلیوں میں لگائی گئیں تختیاں (سائن بورڈ)ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی تحریر کی گئی ہیں۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے حاجی اشراق صاحب کی اردو دوستی کی ستائش کی ہے۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے سینئر قومی نائب صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ ہم نے دہلی کے سبھی لیڈران سے فرداً فرداً رابطہ کیا اور گزارش کی تھی کہ دہلی میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ ہونے کے باوجود بھی اردو لکھنے کا رواج کم ہوتا جارہا ہے۔ خاص طور سے اردوداں حلقہ میں بھی تختیاں عموماً صرف ہندی میں ہی تحریر کی جاتی رہی ہیں اور سرکاری زبان اردو کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یہ امر خوشی کا ہے کہ ہماری کوششوں سے لوگوں نے اردو کے تئیں اپنی محبت کا اظہار کیا اور دھیرے دھیرے لوگوں نے اردو کو اہمیت دینا شروع کردی ہے اور حاجی اشراق صاحب کا اردو کے تئیں جذبۂ محبت اس کی ایک تازہ مثال ہے۔ امید کرتے ہیں کہ ایسی ہی رونق دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں میں بھی واپس آئے گی اور اس میں پڑھنے والے بچوں کا تعلیمی معیار انگلش میڈیم اسکولوں سے بہترہوگا۔